ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سے اغواء شدہ بچہ بحفاظت باز یاب - پولیس نے دکھائی مستعدی ؛ مالی لین دین تنازعہ میں رشتہ داروں نے ہی کیا تھا اغواء

بھٹکل سے اغواء شدہ بچہ بحفاظت باز یاب - پولیس نے دکھائی مستعدی ؛ مالی لین دین تنازعہ میں رشتہ داروں نے ہی کیا تھا اغواء

Mon, 22 Aug 2022 12:34:49    S.O. News Service

بھٹکل  ،22؍ اگست (ایس او نیوز) بھٹکل کے آزاد نگر/ کوگتی  علاقے سے سنیچر رات جس بچہ کا  سنسنی خیز اندا میں اغواء کیا  گیا تھا اسے بھٹکل  پولیس نے گوا سے بازیاب کر لیا  اور آج پیر صبح بچے کو صحیح سلامت اس کے والدین کے حوالے کردیا ۔

اترا کنڑ کی  سپرنٹنڈنٹ آف پولس  ڈاکٹر سمن ڈی پینیکر نے کاروار میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرتے ہوئے بتایا کہ  بھٹکل کے جس  آٹھ سالہ بچے  علی سعدا ابن اسلام سعدا  کا اغوا کیا گیا تھا، وہ سنسنی خیز معاملہ خالصتاً ذاتی دشمنی کا ہے۔ ایس پی  نے اغوا کو لے کر کہا کہ بھٹکل کے عوام کو  گھبرانے کی ضرورت نہیں  ہے   بچے کو اس کے والد کی ذاتی دشمنی کی وجہ سے اغوا کیا گیا تھا۔ ایس پی نے  تصدیق کی کہ بچے کی ماں  کا ماموں عنایت اللہ اسحاقی  اس جرم کا ماسٹر مائنڈ تھا جو سعودی عربیہ میں  مقیم ہے،    اس  کا بچے کے والد کے ساتھ مالی   لین دین کا تنازعہ تھا، مزید بتایا کہ  اس مالی لین دین کے معاملہ میں اس سے قبل بچے کے والد کو بھی دھمکیاں دی گئی تھیں ۔ 

انہوں نے بتایا کہ بچہ   کو گوا کے کلنگٹ بیچ سے بر آمد کیا گیا  ہے۔  جبکہ انیس باشاہ نامی ایک ملزم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے  جو بھٹکل کی بدریہ کالونی کا رہنے والا ہے ۔ 
    
ایس پی نے بتایا کہ اغواء کی اس کارروائی میں پانچ ملزمین شامل ہیں  جن کی گرفتاری کے لئے تلاش جاری ہے  ۔  البتہ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ  پولس نے  ایک کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ مزید دو لوگوں کو بھی اپنی تحویل میں لیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ   انیس باشہ کو بھٹکل سے گرفتار کیا گیا ہے، جو چوتنی میں چکن کی دکان چلاتا ہے، جبکہ مزید دو لوگوں کو بھی پولس نے اپنی تحویل  میں لیا ہے جس میں ایک کو کاروار سے پکڑا گیا ہے۔ پتہ  چلا ہے کہ   جس  وین یا کار  پر لڑکے کا اغوا کیا گیا تھا، اُسے بھی پولس نے اپنی تحویل میں لیا ہے، ساتھ ساتھ ایک چاقو اور دیگر بعض چیزیں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق لڑکا پیر صبح 5:30 بجے   پولس کے ہاتھ لگا، ضروری کاروائیوں کے بعد اسے بھٹکل لایا گیا۔ قریب   ساڑھے بارہ بجے اُسے سیدھے بھٹکل سرکاری اسپتال لے  جاکر میڈیکل چیک آپ کرایا گیا، وہاں سے اُسے  بھٹکل ٹاون پولس تھانہ لے جاکر ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا کے سامنے حاضر کیا گیا، پھر گھروالوں کے حوالے کیا گیا۔   بھٹکل کے سُہیل کڈدری ، عبدالمنان اور نعمت اللہ موٹیا اتوار دوپہر کو پولس ٹیم کے ساتھ ہی لڑکے کی بازیابی کے لئے بھٹکل سے روانہ ہوئے تھے اور رات    کوگوا پہنچ کر ہوٹل کے ایک کمرے سے لڑکے کو برآمد کیا تھا،  ان تینوں نے   پورے معاملے کو حل کرنے میں پولس کو بھرپور تعاون پیش کیا ۔ سہیل نے بتایا کہ ہوٹل کے کمرے  میں لڑکے کو چھوڑ کر ملزمین فرار ہوگئے تھے۔

اغوا  کرنے کے بعد بچے کو کہا ں لے جایا گیا تھا،  وہاں سے لڑکا گوا  کیسے پہنچا، اغوا کرنے میں کون کون لوگ شامل تھے، کیا اغوا کرنے کا اُن کا مقصد پورا ہوا  یا اُن کا منصوبہ ناکام ہوا،  اس طرح کی مزید تفصیلات شام کو  بھٹکل پولس  کی طرف سے سامنے آنے کی توقع ہے۔


Share: